اسلام آباد: تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وفاقی وزارت کی جانب سے منگل کو جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق لگ بھگ 18 لاکھ بچے، پاکستان میں مذہبی مدرسوں داخل ہیں۔یہ تعداد ملک میں تعلیمی اداروں میں داخل بچوں کا دسواں حصہ ہے۔
پاکستان ایجوکیشن اسٹیٹ اسٹکس 2013-14ء کی رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ پرائمری اسکولوں میں داخلوں کے حوالے سے کوئی اہم تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی اور پرائمری اسکولوں میں داخلہ لینے والے طالبعلموں کی تعداد تقریباً اتنی ہی رہی جس قدر کہ 2011-12ء کے دوران تھی۔
اس رپورٹ کے مطابق ملک میں ایک لاکھ 45 ہزار چار سو اکیانوے پرائمری اسکولوں (سرکاری و نجی دونوں) ہیں، جہاں تقریباً ایک کروڑ 70 لاکھ بچوں نے داخلہ لیا۔ اس کے برعکس تقریباً 18 لاکھ 40 ہزار طالبعلموں نے 14 ہزار چار سو پانچ رجسٹرڈ مدرسوں میں داخلہ لیا، جن میں سے 97 فیصد کا انتظام نجی طور پر جبکہ صرف 393 سرکاری شعبے کے تحت چلائے جارہے ہیں۔
تاہم اتحادِ تنظیم مدرسہ دینیہ کے جنرل سیکریٹری مولانا حنیف جالندھری کا کہنا ہے کہ ایک بڑی تعداد میں مدرسوں کو متعلقہ سرکاری محکموں کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔ واضح رہے کہ یہ سرپرست تنظیم مدرسوں کے متعلق معاملات کی نگرانی کرتی ہے۔
اعداد و شمار پر مبنی یہ رپورٹ اکیڈمی برائے تعلیمی منصوبہ بندی و مینجمنٹ (اے ای پی اے ایم)، ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (این ای ایم آئی ایس) اور تعلیمی مہم جو الف اعلان کی جانب سے تیار کی گئی ہے۔
ملک میں اسکول کی تعلیم کے مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے اس رپورٹ کا کہنا ہے کہ ’’تعلیمی رسائی کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کو مجموعی طور پر دیکھا جائے تو تعلیمی ترقی کے اشاریے پر پاکستان بنگلہ دیش سے نیچے اور سری لنکا سے کافی نیچے ہیں۔‘‘
پچھلے چار برسوں کے دوران پرائمری اسکولوں میں داخلے کے حوالے سے کسی قسم کی اہم پیش رفت نہیں دیکھی گئی۔ 2011-12ء میں پرائمری اسکولوں میں طلباء کی تعداد ایک کروڑ 75 لاکھ 67 ہزار پانچ سو اکیاسی تھی، جس میں معمولی سا اضافہ ہوا اور یہ تعداد 2012-13ء میں ایک کروڑ 75 لاکھ 74 ہزار آٹھ سو اننچاس ہوگئی۔ جبکہ 2013-14ء میں پرائمری اسکولوں کے طلباء کی تعداد ایک کروڑ 78 لاکھ 69 ہزار آٹھ سو انسٹھ تھی۔
اسی عرصے کے دوران ہائی اسکولوں میں داخلے کی شرح میں معمولی سی کمی دیکھنے میں آئی، 2011-12ء کے دوران 26 لاکھ 91 ہزار پانچ سو پچانوے طلباء نے ہائی اسکولوں میں داخلہ لیا۔ 2012-13ء میں 28 لاکھ 35 ہزار تین سو چھبیس، جبکہ 2013-14ء کے دروان ہائی اسکولوں میں 23 لاکھ 18 ہزار آٹھ سو چالیس طلباء نے داخلہ لیا
No comments:
Post a Comment