Tuesday, 21 April 2015

نواز شریف نے عمران خان کو چھیڑ دیا

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں چینی صدر شی جن پنگ سے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کے مصافحے کے دوران وزیراعظم نواز شریف کے طنزیہ جملے نے عمران خان کو مشکل میں ڈال دیا۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے بعد چین کے صدر زی جن پنگ جب پارلیمنٹ کی اگلی نشستوں پر موجود پاکستانی قانون سازوں سے مصافحے کے لیے آئے تو ان کے ساتھ سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق اور وزیراعظم بھی موجود تھے۔
اس موقع پر موجود ذرائع کا کہنا ہے کہ جب چین کے صدرعمران خان سے مصافحہ کرنے لگے تو وزیراعظم نواز شریف نے ایاز صادق سے 'قومی زبان' میں سرگوشی کرتے ہوئے کہا کہ ان کو (چینی صدر) کو یہ بھی بتائیں کہ خان صاحب کی وجہ سے یہ (چینی صدر) 4 مہینے پہلے نہیں آسکے'۔
اس موقع پر موجود ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے کہے جانے والے طنزیہ جملوں نے عمران خان کو مشکل میں ڈال دیا اور وہ پریشان نظر آئے اس موقع پر عمران خان نے وزیراعظم کے اس روئیے پر پی ٹی آئی کے رہنماوں کی جانب شکایتی نگاہوں سے بھی دیکھا۔
واقعے کے حوالے سے پی ٹی آئی کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے ڈان کو بتایا کہ جملوں کا تبادلہ انتہائی دوستانہ ماحول میں ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف کے جملے کے جواب میں کہا کہ' ماضی میں موجود مسئلے کو اب حل کرلیا گیا ہے'۔
خیال رہے کہ چین کے صدر کا پاکستان کا دورہ گزشتہ سال ستمبر میں شیڈول تھا، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں قائم پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے جاری دھرنوں کے باعث یہ دورہ منسوخ کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب چین کے صدر کی جانب سے گزشتہ ماہ 23 مارچ کو پاکستان کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریبات میں بھی شرکت کرنے کے لیے بھی پاکستان کا دورہ متوقع تھا، تاہم اس وقت چینی صدر کی ملکی مصروفات کے باعث یہ دورہ بھی منسوخ ہوگیا تھا۔

No comments:

Post a Comment